امریکی فوجی امداد رکوانے کی سازش 9 مئی کے واقعات کی کڑی ہے: وزیر اطلاعات

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکی فوجی امداد رکوانے کی سازش 9 مئی کے واقعات کی کڑی ہے، پاکستان کے دفاعی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانا تحریک انصاف کا مشن ہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کی فارن فنڈنگ قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مشن کیلئے کی گئی، اسی فارن فنڈنگ سے ملک کے اندر اور باہر میڈیا مہم چلائی گئی، فارن فنڈنگ سے سوشل میڈیا نیٹ ورک بنایا گیا۔ پاکستان کے دفاعی اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف مہم چلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قیادت، شہدا کیخلاف بیروں ملک پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پاکستان دشمن ایجنڈے کے آلہ کاروں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ عوام سیاست اور ملک دشمنی میں فرق پہچان چکے ہیں، سائفر اور 9 مئی کے واقعات ایک ہی سازش کے دو مرحلے ہیں۔ سائفر کے نام پر امریکہ مخالف پروپیگنڈا اور 9 مئی کے بعد مدد کی بھیک مانگی گئی۔ فوجی امداد رکوانا دشمن کا ایجنڈا ہے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں