راولپنڈی ( آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ گذشتہ شب ان کے گھر پھر دروازے توڑ چھاپہ مارا گیا، انہوں نے اداروں کو مخاطب کر کے پولیس کے اندر سے نامعلوم افراد نکالنے کی درخواست کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس دروازے توڑ کر ان کے گھر داخل ہوئی، چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور کیمرے بھی ساتھ لے گئے مگر اس کے باوجود میرے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے۔
انہوں نے اداروں سے گذارش کرتے ہوئے کہا کہ سارا ملک 9 مئی کے واقعات پر لعنت بھیجتا ہے اور اس کو شرمناک قرار دیتا ہے۔ ادارے پولیس میں اپنی ایجنسیوں کو بھیجیں جو وہاں نامعلوم افراد کی نشاندہی کریں اور نکالیں۔ یہ لوگ لوٹ مار کر رہے ہیں، لوگوں سےپیسے نکلوا رہے ہیں، عوام پہلے ہی خراب معاشی صورت حال کے سبب بہت تنگی میں ہیں۔ پاک فوج ہماری فوج ہے، کوئی شخص ملک میں ان کے خلاف بری سوچ نہیں رکھتا، لیکن بے گناہوں کو رہا کیا جائے اور گناہ گاروں کو سزا دی جائے۔ ایک مہینہ گزر گیا لوگوں کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ ملک میں پہلے ہی بے روز گاری اور مہنگائی ہے۔ پی ڈی ایم کو کسی نے ووٹ نہیں دینا۔
شیخ رشید نے عمران خان کا نام لینے کی بجائے ‘قاسم کے ابو’ کہا، بولے یہ کوئی انصاف نہیں جو قاسم کے ابو کو چھوڑ کر جائے وہ گنگا نہایا ہے اور جو بے گناہ ہے وہ جیل میں پڑا رہے۔