گوجرانوالہ کی عدالت نے پرویز الٰہی کے مقدمات کا فیصلہ سناد یا

گوجرانوالہ ( آن لائن) گوجرانوالہ کی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کو دونوں مقدمات میں بری کردیا، عدالت نے پرویز الٰہی کو دونوں مقدمات میں عدم شواہد کی بنیاد پر بری کیا۔ 

اس قبل پرویز الہٰی کو 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گوجرانوالہ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں چوہدری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی، تفتیشی افسر نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو دو مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے، مقدمات کی تفتیش اور رشوت کی رقم برآمد کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے لہٰذا ملزم پرویز الہٰی کا 14روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو بعد میں ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد افضل نے سنایا۔

خیال رہے کہ پرویز الہٰی کے خلاف گوجرانوالہ تھانہ اینٹی کرپشن میں 2 مقدمات درج ہیں، دونوں ایف آئی آرز میں گجرات میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں کِک بیکس کے الزامات ہیں، مقدمہ نمبر 6/23 میں الزام ہے کہ پل بنیاں سے چھتاں والا تک 10 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر ہوئی، سڑک تعمیر کا ٹھیکہ دینے کے عوض 50 لاکھ روپے رشوت لی گئی۔ مقدمہ نمبر 7/23 میں الزام ہے کہ گجرات پرانا جی ٹی روڈ سے لکھن وال تک 10 ارب روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر ہوئی، سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ دینے کےعوض 2 ارب روپے رشوت لی گئی۔مقدمے کے مطابق دونوں ٹھیکوں میں رشوت پرویز الہٰی کے فرنٹ مین سہیل اصغر نے وصول کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں