لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے صدر پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے کہتا ہوں کہ ڈٹے رہنا، بالکل پیچھے نہیں ہٹنا۔
نجی ٹی وی” ڈان نیوز” کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن پولیس نے لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا، کمرہ عدالت میں پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور رہوں گا۔ہم حق اور سچ پر ہیں، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں کہ ڈٹے رہنا، بالکل پیچھے نہیں ہٹنا۔ ایک دم ڈٹ جائیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر محسن نقوی ظلم کروا رہا ہے، سارے فساد کی جڑ وہی ہے، میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا، یہ برُا کر رہے ہیں اور یہی نتائج بھگتیں گے۔شروع دن سے پاک افواج کا حامی رہا ہوں، بے گناہ ہوں، عدلیہ پر بھرپور بھروسہ ہے۔