نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 16واں ایڈیشن اپنے نام کر لیا۔ تاہم آئی پی ایل کے اس فائنل میں میچ میں بارش کے سبب کچھ ایسے مناظر بھی دیکھنے کو ملے جو ایک بار پھربھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے عالمی سطح پر سبکی کا سامان بن گئے۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہونے والے اس فائنل میچ میں شدید بارش ہوئی جس سے سٹیڈیم میں پانی کھڑا ہو گیا اور سٹیڈیم کا سٹاف اسفنج اور بالٹیاں ہاتھ میں لیے یہ پانی سُکھاتا رہا۔ سٹاف کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں تو ہنسی کا ایک طوفان آ گیا۔
لوگ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر پھبتیاں کس رہے ہیں۔ اکثرانٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ ہے مگر اس کے پچ سکھانے کے طریقے غریبوں والے ہیں۔چند سال قبل بھی بھارت سے ایسی ہی تصاویر سامنے آئی تھیں۔ دوسری طرف پاکستان میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پچ سکھانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔ اب بھی پاکستانی صارفین نریندر مودی سٹیڈیم سے سامنے آنے والی ان تصاویر کے جواب میں ہیلی کاپٹر سے پچ سکھانے کی پاکستانی ویڈیو پوسٹ کر رہے ہیں اور بھارت کرکٹ بورڈ کا تمسخر اڑا رہے ہیں۔