یوم تکبیر کی مناسبت سے دبئی میں مسلم لیگ ن ویمن ونگ کی طرف سے تقریب، دل ہم وطنوں کیساتھ دھڑکتے ہیں: فرزانہ کوثر

دبئی (طاہر منیر طاہر) “یوم تکبیر” کی سلور جوبلی 28 مئی 2023 کوپاکستان مسلم لیگ ن ویمن ونگ متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام دبئی میں منائی گئی  جس کا اہتمام پی ایم ایل این ویمن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے کیا-

یوم تکبیر کی تقریب میں پی ایم ایل این ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ نسیم، پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے سینئر نائب صدر میاں غلام محی الدین، شیخ شعور قدوس، شیخ ایم پرویز، پی ایم ایل این کی خواتین اوردیگرکارکنوں نے شرکت کی- “یوم تکبیر” کی سلور جوبلی کے موقع پر کیک کاٹے گئے، ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی اور خوشیوں کا اظہار کیا گیا-

شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ھوئے فرزانہ کوثر، میاں غلام محی الدین، شیخ شعور قدوس اور شیخ ایم پرویز نے کہا کہ ایٹمی دھماکے محمد نواز شریف کا عظیم کارنامہ ہیں- ایٹمی دھماکوں سے قبل امریکی حکومت اور دنیا کے دیگر ممالک کا شدید دباؤ تھا کہ دھماکے نہ کئے جائیں لیکن  د نواز شریف نے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انتہائی جرأت کا مظاہرہ کیا اور ایٹمی دھماکوں کی اجازت دیدی- ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیراور ان کی ٹیم نے اوپر تلے چاغی میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹم بردار ممالک کی صف میں لا کھڑا کیا- اس وقت پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور واحد جبکہ پوری دنیا میں ساتواں ایٹمی ملک ہے-

ان کاکہناتھاکہ پاکستان کو ایٹم بردار ملک بنانے پر ہم اللہ تعا لیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان  اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں- متذکرہ مقررین نے مزید کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے پہلے پاکستان کو آنکھیں دکھانے والا بھارت خود آنکھیں چھپانے لگا، بات بات پر پاکستان کو ہراساں کرنے والا بھارت بھیگی بلی بن گیا- اس وقت پاکستان برابر کی سطح بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے- ہمارا ایٹمی نظام اور ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے جسے کوئی خطرہ نہیں اور اس کا سارا کریڈٹ ہماری پاک فوج کو جاتا ہے-

 مقررین نے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانی دل و جا ن سے پاکستان کے ساتھ ہیں، ہم اپنے پیارے ملک سے دور ضرور ہیں لیکن ہمارے دل اپنے ہموطنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں-

اپنا تبصرہ بھیجیں