مریم اورنگزیب نے عمران خان کی مذاکرات کی اپیل پر ردعمل دے دیا

 اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 60 ارب کا ڈاکہ ڈالنے والے فارن ایجنٹ اور توشہ خانہ چور سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

نجی ٹی وی سماء نیوز کےمطابق مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا عمران خان کی مذاکرات کیلئے اپیل پر ردعمل میں کہنا تھا کہ عمران خان صاحب یہ مذاکرات نہیں، این آر او کی اپیل ہے۔ جی ایچ کیو ، عمارات پر حملے کرنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔ یاد گاروں کی بے حرمتی کرنے والوں سے مذاکرات شہداء کی بے حرمتی ہے۔ ریاست پر حملہ کرنے والے کو سزا دی جاتی ہے، مذاکرات نہیں ہوتے۔ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمبولینس، ہسپتال، سکول جلائے گئے ،فساد، توڑ پھوڑ اور انتشار پھیلایا گیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر انڈیل کر اب کہتے ہو مذاکرات کرنے ہیں۔ قوم ،وطن اور شہداء کے مجرموں سے مذاکرات نہیں ہوتے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں مذاکرات کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اب بھی وقت ہے ہم سے کوئی بات چیت کر لے  اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے حل کر لیں کیونکہ طاقت کے استعمال اور موجودہ اقدامات سے کچھ نہیں ہوگا، میں اپنی آخری سانس تک ملک کی حقیقی آزادی کے لیے مکمل طریقے سے جدوجہد جاری رکھوں گا مگر مجھے اس وقت پاکستان کی فکر ہے اور جو مل کر یہ سب کررہے ہیں انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں