لاہور (آئی این پی ) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی جس کے بعد اب گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی، عدالت نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کہاں ہیں، آج بھی پیش نہیں ہوئے۔ وکیل بیرسٹر مومن ملک نے کہا کہ ہم نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ عثمان بزدار کو پیش کریں پھر درخواست واپس لے لیں۔ عثمان بزدار کے وکیل بیرسٹر مومن ملک نے مقف اختیار کیا کہ ابھی نیب کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں، اگر ضرورت پڑی تو کچھ عرصہ بعد دوبارہ عبوری ضمانت دائر کریں گے، عثمان بزدار طبیعت خراب ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ابھی انکوائری جاری ہے، تفتیش کیلئے طلب کریں گے، وارنٹ گرفتاری 6 ماہ بعد جاری ہوں گے۔ بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلی عثمان بزدار کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔