ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ترکی اور شام میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد ریسکیو ریسپانس اور بلڈنگ کوڈ کے متعلق بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔
ترکی کے شہر قہرمان مرعش میں زلزلہ زدگان کی امداد کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ ’ترکی زلزلے کے بعد پاکستان کو بلڈنگ کوڈ پر عمل نہ کرنے والی عمارتوں کے بلڈرز کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔‘
ایدھی فاؤنڈیشن پاکستان کی ان فلاحی تنظیموں میں سے ایک ہے جو ترکی کے متاثرہ علاقوں میں زلزلہ زدگان کی مدد کر رہی ہیں۔
فیصل ایدھی کے مطابق: ’پاکستان کے پاس بہترین ماہرین موجود ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان ماہرین پر مشتمل ایک کونسل بنائے جو ہر نئی تعمیر ہونے والی عمارت کو چیک کر کے بتا سکیں کہ زلزلہ آنے کی صورت میں یہ بلڈنگ کس حد تک محفوظ رہ سکے گی۔‘