ٹوئٹر کو دوسری کمپنی میں ضم کردیا گیا، بڑی خبر آگئی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ’ٹوئٹر‘ ایک بڑی سوشل میڈیا کمپنی تھی مگر اب یہ سرے سے کمپنی ہی نہیں رہی، کیونکہ اس کے نئے مالک ایلان مسک نے اسے اپنی ایک اور کمپنی ’ایکس ہولڈنگز کارپوریشن‘ میں ضم کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ٹوئٹر کے ایکس (X)نامی کمپنی میں انضمام کی تصدیق 4اپریل کو کیلیفورنیا فیڈرل کوٹ میں میں جمع کرائی گئی دستاویزات سے ہوئی ہے اور ایلان مسک کی طرف سے بھی ایک ٹویٹ میں انگریزی حرف ’X‘ ٹویٹ کیا گیا ہے، جس سے یہی مطلب لیا جا رہا ہے کہ ٹوئٹر اب ایلان مسک کی کمپنی ایکس میں ضم ہو چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا فیڈرل کورٹ میں 4اپریل کو جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتایا گیا تھا کہ ایلان مسک نے اپنے ٹوئٹر کے تمام حصص ’ایکس ہولڈنگز کارپوریشن‘ کو منتقل کر دیئے ہیں، جس کے بعد ٹوئٹر کا بطور کمپنی اب کوئی وجود نہیں رہا۔کہا جا رہا ہے کہ ایلان مسک کا یہ اقدام ان کے ایک ایسی ایپلی کیشن کے منصوبے کی طرف اگلا قدم ہے جو وہ چینی ایپلی کیشن ’وی چیٹ‘ کے مقابلے میں متعارف کرانا چاہتے ہیں۔

ایلان مسک نے حالیہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کو ایک ’سپر ایپ‘ کی ضرورت ہے جو چین کی ’وی چیٹ‘ کو ٹکر دے سکے۔ نہ یہ وہ سپر ایپ وی چیٹ کے مقابلے کی ہو بلکہ اس سے بڑھ کر ہو۔ ایلان مسک کے اس انٹرویو کے بعد سے ان کا ’ایوری تھنگ ایپ‘ کا منصوبہ زیر بحث ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے ایکس ہولڈنگز کارپوریشن میں انضمام کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایلان مسک کی دیگر تمام کمپنیاں سپیس ایکس، ٹیسلا، نیورالنک اور دی بورنگ کمپنی وغیرہ کو بھی ایکس ہولڈنگز کی ذیلی کمپنیاں بنایا جا سکتا ہے۔ ایلان مسک کے جتنے بھی کاروبار ہیں، مستقبل میں ان کی ’پیرنٹ کمپنی‘ ایکس ہولڈنگز کارپوریشن ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں