اسلام آباد( آن لائن)سیکرٹری پٹرولیم نے کہاہے کہ روس سے تیل خریدنے پر کوئی پابندی نہیں،روس کے تیل پر ایک پرائس کیپ لگی ہے،پرائس کیپ سے نیچے تیل کی خریداری پر پابندی عائد نہیں ہو گی،ایران پر عالمی پابندیاں تھیں اس لئے ان کے ساتھ معاملات نہیں چلے ۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ملک میں موسم گرما اور ماہ رمضان میں گھریلو گیس لوڈشیڈنگ کے معاملے پر اجلاس ہوا،حکام پٹرولیم ڈویژن نے کہاکہ موسم گرما میں بھی گیس کا شارٹ فال رہے گا۔
وزارت پٹرولیم نے کہاکہ موسم گرما میں گیس کا شارٹ فال 300 ایم ایم سی ایف ڈی رہے گا، ابھی صورتحال بہتر ہو گئی ہے لیکن شارٹ فال رہے گا۔
سیکرٹری پٹرولیم نے کہاکہ ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے،کوئی سرمایہ کار پیسہ لگانے کیلئے تیار نہیں،سیکرٹری پٹرولیم کاکہناتھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہائی رسک کنٹری ہے، غیرملکی سرمایہ کار اپنے اثاثے بیچ کر واپس جا رہے ہیں،تیل و گیس کے شعبے میں 16 غیرملکی کمپنیاں تھیں اب صرف 3 رہ گئی ہیں۔