سلام آباد ( آن لائن) سپریم کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میں الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہ کرے پر وفاقی حکومت، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل ، سیکرٹری خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک سمیت حکام کو نوٹس جاری کر دیئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے نوٹس میں عدالتی حکم نہ ماننے پر تنبیہ بھی کی، عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ عدالتی حکم عدولی کے نتائج قانون میں واضح ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے تمام افسران کو 14 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔سپریم کورٹ نے گورنر سٹیٹ بینک کو دستیاب وسائل کی تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری خزانہ کو بھی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
جاری کردہ عدالتی نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈ فراہم نہیں کئے، الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت سے زیادہ اہم ہے، بتایا جائے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔