لاہور(شہزاد ملک سے) پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم، عمران خان نے پارٹی عہدیدار وں کو انٹر ویوز میں شرکت سے کیوں روکا ؟ اس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر پارٹی کے عہدیداروں کو شریک ہونے سے روک دیا ہے ان دنوں عمران خان اکیلے ہی امیدواروں سے خود ملاقاتیں کرکے ان کے انٹرویوز کررہے ہیں مگر اس موقع پر نہ تو پارٹی کے مرکزی وائس چیرمین شاہ محمود قریشی, مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں اور نہ ہی پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور نہ ہی پنجاب کے صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور جنرل سیکرٹری پنجاب میاں حماد اظہر ان انٹرویوز کے موقع پر موجود ہوتے ہیں۔
پی ٹی آئی کی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تو چیئرمین عمران خان خود ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ اتنے اہم اجلاسوں میں پارٹی عہدیداروں کو کیوں نہیں شریک کررہے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ باقی سیاسی جماعتیں جب اپنے امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلاتی ہیں تو اس وقت نہ صرف اس صوبے کے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری شریک ہوتے ہیں بلکہ جس ضلع کے لوگوں کو انٹرویو کے لیے بلایا جاتا ہے تو وہاں کی مقامی تنظیم کے لوگ بھی شریک ہوتے ہیں اور ان کی سفارشات کو بھی مقدم رکھا جاتا ہے, تاہم عمران خان نے چونکہ یہ اعلان کیا تھا کہ وہ خود ٹکٹیں تقسیم کریں گے ہو سکتا ہے وہ اسی اعلان پر عمل کرتے ہوے ایسا کررہے ہیں اور ابھی تک عمران خان کے علاوہ کسی کو بھی نہیں علم کہ جتنے اضلاع کے انٹرویو ہو چکے ہیں ان میں سے کس کو ٹکٹ ملی ہے کس کو نہیں یہ سامنے آنا ابھی باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کی ٹکٹوں کی تقسیم کا آغاز بدھ یا جمعرات سے ہوگا پیر کے روز شیخوپورہ اور منڈی بہاؤ الدین کے لوگوں کے انٹرویوز کیے گیے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ کچھ روز تک جاری رہے گا۔