خیبرپختونخوااسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ نہ دینے کا معاملہ ،پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی 

پشاور( آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوااسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ نہ دینے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اپنی درخواست پررجسٹرار سپریم کورٹ کے اعتراضات کیخلاف اپیل دائر نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے ، پی ٹی آئی رہنما مشتاق غنی نے خیبرپختونخوااسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ نہ دینے کے معاملے پر پشاورہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی ،پشاور ہائیکورٹ سے دادرسی نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا، رجسٹرارسپریم کورٹ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی درخواست اعتراضات عائد کرکے واپس کر دی تھی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ گورنر نے انتخابات کیلئے8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے ،گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا لیکن الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی نہیںکیا،آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہے ، 90 دن میں اگر انتخابات نہیں ہو سکتے تو کم سے کم وقت میں کرائے جائیں ،گورنر کی جانب سے 8 اکتوبرکی تاریخ غیر آئینی وغیرقانونی ہے ۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عملدرآمد کا پابند ہے ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گورنر کو فوری الیکشن کیلئے تاریخ دینے کا حکم دیا جائے،درخواست میں الیکشن کمیشن ،وفاقی وصوبائی حکومت ،گورنر کے پی اور صدرمملکت کو فریق بنایا گیا ہے۔

سابق سپیکر خیبرپختونخواسمبلی مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم اورکابینہ کی نااہلی کا یفرنس جلد دائر کریں گے ،انہوں نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا،صوبے کی تقدیر کے فیصلے گورنرہاﺅس سے ہورہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں