اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت کیلئے الیکشن کمیشن کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست خارج کردی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی جانب سے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں الیکشن کمیشن کی جلد سماعت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ عمران خان کیخلاف 100 سے زائد کیس درج ہو چکے ہیں،عمران خان کو حفاظتی ضمانت لیکر عدالتوں میں پیش ہونا پڑ رہا ہے۔
خواجہ حارث نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی ،عدالت نے کہاحاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی ضرورت نہیں، مقصد یہ تھاعمران خان یا وکیل پیش ہوں ۔
خواجہ حارث نے کہاکہ علی حیدر گیلانی کیس میں ڈیڑھ ماہ کی تاریخ پڑ گئی تو کچھ نہیں ہوا،عمران خان کیس میں ایک ماہ کی تاریخ ہوئی تو ان کو تکلیف ہو گئی ہے ، ابھی تو کیس کے قابل سماعت ہونے پر بھی بات ہونا ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیاجوکچھ دیر بعد سنایاجائے گا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست خارج کردی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس 29 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر ہے ،الیکشن کمیشن نے کیس کی جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی ۔