شفاف الیکشن کیلئے  تمام سٹیک ہولڈرز کاایک پیج پر آنا ضروری ہے، سراج الحق

لاہور ( آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو حقیقی جمہوری راستے  پر ڈالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کا ڈائیلاگ ناگزیر ہے،ماضی میں سیاسی جماعتوں کے تصادم کے نتیجے میں غیر جمہوری قوتوں کو موقع ملا۔شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کاایک پیج پر آنا ضروری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  13 جماعتوں کی اتحادی حکومت قوم کو اپنی ایک سال کی کارکردگی بتائے، گزشتہ365 دنوں میں روپے  کی حیثیت کاغذ کے ایک ٹکڑے کی سی رہ گئی ہے،ملکی تاریخ میں یہ تماشہ  پہلی دفعہ برپا ہوا کہ پارلیمنٹ اور عدالت کے درمیان کھل کر جنگ ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے اور نوبت یہاں تک آگئی کہ گزشتہ چند دنوں میں آٹے کے تھیلے کے لیے20 لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔ موجودہ اور سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے معیشت سمیت ہر شعبہ تباہی سے دوچار ہوا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئی ہیں۔ملک اسلام کے نام پر بنا اور اسلامی نظام ہی اسے بچا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ہے، قوم عدل و انصاف کی حکمرانی اور ترقی، امن اور خوشحالی کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں