زمان خان کس سری لنکن کھلاڑی کو دیکھ کر ڈیتھ اوور ز اسپیشلسٹ بنے؟

لاہور( آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر زمان خان نے کہا ہے کہ جب ٹیپ بال کھیلتا تھا تو شاہد آفریدی اور شعیب اختر کو دیکھتا تھا، تب سوچتا تھا کہ ان کی طرح بننا ہے، عمر گل لیجنڈ ہیں ان سے بہت سیکھ رہا ہوں، ان کے ساتھ مل کر ڈیتھ اوورز میں مزید اچھی بولنگ کی کوشش کر رہا ہوں۔زمان خان نے کہا کہ لیستھ ملنگا کو شروع سے دیکھتا آ رہا ہوں، ان کو دیکھنا ڈیتھ اوورز میں مجھے کام آیا، آخری اوورز کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسی وجہ سے میرے آخری اوورز بھی اچھے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ احسان اللہ سمیت سب بولرز اچھے ہیں، یہ منیجمنٹ کو دیکھنا ہے کس کو کھلانا ہے، مجھے جب بھی موقع ملا تو اچھا کھیلنے کی کوشش کروں گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے زمان خان نے کہا کہ سینیئر کھلاڑی ساتھ ہوں تو اعتماد بڑھتا ہے، ان کی موجودگی میں اب اچھی کارکردگی ہو گی، شارجہ میں پچز نئی تھیں بیٹرز اچھا نہیں کھیل سکے، افغانستان کے خلاف سیریز اچھی رہی ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ یہی ہے کہ پاکستان کیلئے جتنا زیادہ ہو سکے کھیلوں اور اچھا پرفارم کروں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب میں لاہور قلندرز میں آیا تو مجھے بہت سپورٹ ملی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف سے بہت سیکھا ہے، لاہور قلندرز کے ساتھ جتنی محنت کی اس کا بتا نہیں سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں