آج بھی عمران خان کو ایک اہم جگہ سے حمایت حاصل ہے،شرجیل میمن 

کراچی( آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ 2018 کا الیکشن فکس تھا،آج کے دن ایک جعلی وزیراعظم کو قانونی طریقے سے نکالا گیا،آج بھی عمران خان کو ایک اہم جگہ سے حمایت حاصل ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہناتھا کہ 2018 کا الیکشن فکس تھا،2018 میں کچھ امپائر عمران خان کی مدد کر رہے تھے،آج بھی عمران خان کو ایک اہم جگہ سے حمایت حاصل ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ قاسم سوری کہتے ہیں الیکشن کمیشن ٹھیک کام نہیں کرتا،جب الیکشن کمیشن کام کرتا ہے تو اس کو کام نہیں کرنے دیا جاتا،ان کاکہناتھا کہ ان کی پوری سیاست کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے،بی آر ٹی پشاور پوری پی ٹی آئی کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے۔

شرجیل میمن نے کہاکہ پی ٹی آئی نے کہاہمارے خلاف کرمنلز انویسٹی گیشن نہ کی جائے،اس شخص نے اداروں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی،عمران خان کی وجہ سے ملک تقسیم ہو رہا ہے،عمران خان کی انویسٹی گیشن نہ کرنے کا جواز کیا ہے؟

ان کاکہناتھا کہ آج کے دن ایک جعلی وزیراعظم کو قانونی طریقے سے نکالا گیا،عمران خان کو پارلیمنٹ نے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے نکالا،ایک شخص ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں