وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) موجودہ ملکی سیاسی اور آئینی بحران میں وزیراعظم متحرک ہوگئے، چھٹی کے روز بھی شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔ 

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں شہباز شریف لاہور سے ویڈیو لنک پر صدارت کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم قومی امور پر مشاورت کی جائے گی، فی الحال اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا، ان ٹیبل فراہم کیا جائے گا، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائیگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی، جسٹس اطہر من اللہ کے اختلافی نوٹ کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے بل واپس بھیجنے کے معاملے پر بھی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، موجودہ ملکی حالات میں وفاقی کابینہ کا سخت فیصلے کرنے کا پلان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں