پارلیمنٹ کی قرار داد کا معاملہ، سپریم کورٹ بار میں اختلاف سامنے آگیا

اسلام آباد( آن لائن) سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق پارلیمنٹ کی قرار داد کے معاملے پر سپریم کورٹ بار میں اختلاف سامنے آگیا ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 10 ارکان  نے بار کی جانب سےچند گھنٹےقبل جاری ہونیوالے مذمتی بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی ارکان نے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ بار کے صدر اور سیکرٹری کے بیان پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، صدر ،سیکرٹری بار کے بیان میں ججوں کے درمیان فاصلوں کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر اور سیکرٹری بار کا بیان پارلیمان کی بالادستی پر حملے کی بھی کوشش ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس پاکستان تمام تحفظات کے خاتمے کےلیے فوری فل کورٹ اجلاس بلائیں۔

واضح رہے کہ چند گھنٹے قبل سپریم کورٹ بار کے صدر اور سیکریٹری کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ جس میں پارلیمنٹ کی قرار داد کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا گیا تھا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں