پشاور( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نےخیبرپختونخواہ کی نگران حکومت کی جانب سے برطرف کیے جانے والے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف خیبرپختونخواہ کے ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے وسائل کے ضیاع کا بہانہ بنا کرسابقہ دور میں بھرتی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو فارغ کرکے ان کی تنخواہیں روک دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی نسبت انفلوئنسرز کے ذریعے حکومتی تشہیر کم قیمت پر ہوتی تھی، نگران حکومت کو پالیسی میں تبدیلی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے لہٰذا وقت سے پہلے انفلوئنسرز کو فارغ کرنے کی مذمت کرتا ہوں، انفلوئنسرز میں میرٹ پر پورا اترنے والے تمام پارٹیوں کے لوگ شامل تھے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ انفلوئنسرز کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے اور بیرسٹر محمد علی سیف بہت جلد پٹیشن دائر کریں گے۔