نئی دہلی ( آن لائن) نوئیڈا پولیس نے لکھنؤ سے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے ایک میڈیا ہاؤس کو وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو قتل کرنے کی دھمکی کی ای میل بھیجی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (نوئیڈا) رجنیش ورما نے بتایا کہ 16 سالہ لڑکے جس کا تعلق بہار سے ہے، کو ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے علاقے چنہٹ سے گرفتار کرکے یہاں لایا گیا ۔ یہاں کے سیکٹر 20 پولیس سٹیشن میں 5 اپریل کو ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد معاملے کی جانچ کی گئی، تکنیکی ٹیموں نے بھی ای میل بھیجنے والے کا پتہ لگانے کے لیے کام کیا۔
‘تفتیش کی بنیاد پر ای میل بھیجنے والے کا پتہ چلا اور اسے لکھنؤ کے علاقے چنہٹ میں پایا گیا۔ بھیجنے والا ایک سکول کا طالب علم ہے جس نے ابھی 11 ویں کلاس مکمل کی ہے اور وہ اس سیشن میں 12 ویں کلاس شروع کرے گا۔ لڑکے کوعدالت میں پیش کیا جا رہا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔