سیاستدانوں کی لڑائی سے پاکستان دنیا میں مذاق بن گیا، سراج الحق

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استعمار کلمہ کے نام پر بنی ریاست کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، ملک کے حکمران اسی ایجنڈے کی تکمیل کی طرف چل پڑے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی لڑائیوں سے پاکستان دنیا بھر میں مذاق بن گیا۔

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  آئینی و سیاسی بحران پوری شدت اختیار کر چکا، اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، پارلیمنٹ اور عدالت آپس میں دست و گریبان ہیں جب کہ  اسٹیبلشمنٹ اور  الیکشن کمیشن پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ حکمران دہائیوں سے قوم کو دھوکا دیتے آ رہے ہیں، انھوں نے کبھی ”روٹی، کپڑا اور مکان“ اور ”سب سے پہلے پاکستان“ تو کبھی ملک کو ”ایشین ٹائیگر“ بنانے اور ”حقیقی تبدیلی“ لانے کے نعرے لگا کر عوام سے فراڈ کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسائل کی وجہ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم، طبقاتی نظام، استحصال، مس مینجمنٹ اور کرپشن ہے اور یہ سب نااہل قیادت کی وجہ سے ہے۔ سب  بحران موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے پیدا کردہ ہیں، وقت آ گیا ہے کہ ہر شخص اپنے حصے کی ذمہ داری نبھائے اور ملک کو کرپٹ نظام سے نجات دلائے۔ قوم کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں