جوہانسبرگ ( آن لائن) جنوبی افریقی پائلٹ روڈولف ایراسمس کو فضائی ماہرین نے ایک انتہائی زہریلے کیپ کوبرا کے کاک پٹ میں گھسنے کے باوجود محفوظ ہنگامی لینڈنگ کے لیے سراہا ہے۔ کاک پٹ میں کوبرا سانپ پائلٹ کی نشست کے نیچے گھس گیا لیکن پائلٹ ایراسمس نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا، وہ پچھلے پانچ سالوں سے جہاز اڑا رہے ہیں۔
ویب سائٹ ٹائم لائیو کے مطابق واقعہ ورسیسٹر سے نیلسپروٹ جانے والے چھوٹے طیارے میں پیش آیا جس میں چار مسافر سوار تھے۔ پائلٹ نے بتایا ‘جب ہم نے پیر کی صبح پری فلائٹ کیا، تو ورسیسٹر ایئر فیلڈ کے لوگوں نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے اتوار کی دوپہر کو ایک کیپ کوبرا کو پروں کے نیچے پڑا ہوا دیکھا ہے۔ انہوں نے خود اسے پکڑنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اس نے انجن کے کاؤلنگ کے اندر پناہ لے لی۔ گروپ نے کاؤلنگ کھولے لیکن سانپ وہاں نہیں تھا اس لیے انہوں نے سمجھا کہ وہ نکل گیا ہے۔‘
پائلٹ کے مطابق سفر کے دوران وہ اپنے پاس پانی کی بوتل رکھتے ہیں، اس پرواز میں انہیں ٹھنڈک کا احساس ہوا اور سمجھا کہ شاید ان کی بوتل ٹپک رہی ہے لیکن جب انہوں نے غور سے جائزہ لیا تو سانپ پڑا ہوا تھا، پہلے تو وہ سانپ کو دیکھ کر بوکھلا گئے لیکن پھر انہوں نے اپنے اعصاب پر قابو پالیا۔ پرواز ویلکم کے ہوائی اڈے کے قریب تھی، لہذا ایراسمس نے جوہانسبرگ میں کنٹرول ٹاور کے ساتھ ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔ پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی جس پر ایوی ایشن ماہرین ان کی تعریف کر رہے ہیں۔
ایوی ایشن کے ماہر اور جنوبی افریقہ کے چیف ایئر شو کے کمنٹیٹر برائن ایمینس جو 38 سال سے ہوا بازی میں ہیں، نے ویب سائٹ کو بتایا کہ ایراسمس نے ‘ایوی ایشن میں سب سے بڑی مہارت’ کا مظاہرہ کیا ہے۔