لاہور( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عید کے بعد صوبے بھر میں انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر یوم تشکر منایا گیا، اس موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج خوشی کا دن ہے جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ججز کو ڈرایا دھمکایا اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی،آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل ہونے کے نوے دن میں الیکشن ہوجائیں، عدالت نے انہیں مافیا ٹھیک ہی کہا تھا۔
سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت الیکشن ملتوی کرنے کے لیےغیر آئینی قدم اٹھا سکتی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو غیرآئینی اقدام ہوگا، سپریم کورٹ ان پر توہین عدالت لگائے گی، الیکشن متنازع انداز سے ہوئے تو ملک میں مزید تباہی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت گرانے کا کہا گیا اور جیسے ہی ہم نے پنجاب ، کے پی کی اسمبلی تحلیل کی تو یہ الیکشن سے بھاگ گئے، انتخابات کے خوف سے ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ انتخابات میں ان کی شکست یقینی ہے۔