لاہور( آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاست سے فوج کے کردار کو ختم کرنے کی خواہش نہیں کی جاسکتی کیونکہ یہ 70 سال سےجڑا ہواہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوج کے کردار میں توازن کی ضرورت ہے، توازن کے بغیر ایسا گورننس سسٹم نہیں بن سکتا جو اس وقت پاکستان کی بقا کیلئے درکار ہے، ملک میں ایسا نظام نہیں چل سکتا جس میں وزیراعظم کو اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد کا اختیار نہ ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ مان کر آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، عدالت حکومت پرتوہین عدالت لگا سکتی ہے، میں سب کو یقین دلاتا ہوں پاکستان کے تمام لوگ سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 90 دن سے باہرنکلیں گے توآئین کی خلاف ورزی ہوگی، حکومت کہتی ہے انتخابات اکتوبرمیں ہوں، پھرکہےگی دسمبر میں کیوں نہیں، اگلے سال کیوں نہیں؟ جنرل ضیاالحق نے بھی یہی کہا تھا، پھر ہم نے 11 سال گنوائے۔