سعودی عرب سے متعلق شیر افضل مروت کے بیان پر خواجہ آصف کا ردعمل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے لئے کچھ ممالک کے ساتھ تعلقات کی مذہبی اور معاشی لحاظ سے بہت اہمیت ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ مذموم سیاسی مقاصد اور انارکی کیلئے ایسے بیانات دیے جاتے ہیں تاکہ کوئی سرمایہ کاری کیلئے نہ آئے۔وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ملک کے ساتھ دشمنی ہے، یہ ایک مہم کے تحت کیا جاتا ہے، ان کو احساس ہو رہا ہے کہ ان کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک دشمنی کا رویہ پہلے بھی رکھا گیا، یہ ملک میں انارکی چاہتے ہیں، یہ پراپیگنڈا کر کے بیانات دے کر دوسرے ممالک کیساتھ تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس سے بڑی ملک دشمنی کوئی نہیں، ان کے ساتھ ملک دشمن جیسا سلوک ہونا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مسلم لیگ کے قائد، صدر سب کچھ ہیں، ان کو کسی ٹائٹل کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کے سعودی عرب سے متعلق بیان سے لا تعلقی کا اظہار کردیا ہے۔یاد رہے کہ 16 اپریل کو شیر افضل مروت نے ٹی وی شو میں کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں