لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کے سبب ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہوا ہے اور ہر چیز کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔ اس معاشی بدحالی سے کار انڈسٹری بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ ایک طرف لوگوں کی قوت خرید کم ہو رہی ہے تو دوسری طرف کمپنیوں کی طرف سے گاڑیوں کی قیمتوں میں آئے روز نیا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ٹویوٹا کمپنی کی طرف سے اب اپنی درآمد شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی 1کروڑ 85لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ٹویوٹا کیمری کی قیمت پہلے 4کروڑ75لاکھ59ہزار روپے تھی جو اب 63لاکھ روپے اضافے سے 5کروڑ 38لاکھ 59ہزار روپے ہو گئی ہے۔ پراڈو 2.8ایم /ٹی کی قیمت 69لاکھ 90ہزار روپے اضافے سے 5کروڑ 91لاکھ 9ہزار روپے اور پراڈو 2.8اے /ٹی کی قیمت 78لاکھ 90ہزار روپے اضافے کے ساتھ 6کروڑ 72لاکھ 49ہزار روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح پراڈو 4.0اے /ٹی کی قیمت جو 8کروڑ 44لاکھ 29ہزار روپے تھی، اب 1کروڑ 11لاکھ 50ہزار روپے اضافے سے 9کروڑ 55لاکھ 79ہزار روپے اور لینڈ کروزر جے 300اے /ٹی کی قیمت جو 13کروڑ 83لاکھ 19ہزار روپے تھی اب 1کروڑ 85لاکھ 10ہزار روپے اضافے سے 15کروڑ 68لاکھ 29ہزار روپے ہو گئی ہے۔