اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم حق پر نہ ہوتے تو ہم کبھی ان کا ساتھ نہ دیتے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسعد محمود نے کہا کہ عدالت نے جانبداری کا مظاہرہ کرکے عاشقان عمران میں اپنا نام لکھوا لیا ہے،ایوان نے عدالت سے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہم نے معاملے کی سماعت کرنے والے بینچ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جو آج عدالتی بحران پیدا ہوا ہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، سپریم کورٹ نے آج تقسیم کی بنیاد رکھ دی، یہ فیصلے خدانخواستہ ملک کو تباہ نہ کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی مارشل لاء کوتسلیم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہیں، جو بے انصافی کی اور جو عدل کا جنازہ نکالا ہے آپ کی روح کو بھی اطمینان نہیں ملے گا،ہم نے بڑے بڑے عسکری مارشل لاز کا مقابلہ کیا ہے، میرے والد نے ایوب، ضیا اور مشرف کے مارشل لاز کے خلاف علم بغاوت بلند کیا، آئین اور پارلیمان کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔