لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی نے لاہور ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ ”مجھے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے رانا ثناءاللہ کے حکم پر غیرقانونی طور پر اغواءکیا تھا۔ اغواءکاروں نے مجھے بتایا کہ وہ رانا ثناءاللہ کے احکامات پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔“
رپورٹ کے مطابق اظہر مشوانی گزشتہ دنوں لاپتہ ہو گئے تھے اور پی ٹی آئی کی طرف سے ان کے لاپتہ ہونے کو جبری گمشدگی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج کی کال دی تھی، تاہم اسی روز اظہر مشوانی 8دن بعد گھر واپس پہنچ گئے۔لاہور ہائی کورٹ میں ان کی بازیابی اور ایف آئی آر کی معلومات فراہم کرنے سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس عالیہ نیلم نے کی۔
دوران سماعت جج نے اظہر مشوانی کو روسٹرم پر بلا کر جبری گمشدگی کے حوالے سے استفسار کیا جس پر اظہر مشوانی نے عدالت کو بتایا کہ ”مجھے جن لوگوں نے حراست میں لیا تھا ان سب نے منہ پر ماسک پہنے ہوئے تھے اور اپنا تعلق ایف آئی اے سے بتا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے رانا ثناءاللہ اور ڈی جی کے حکم پر گرفتار کیا گیا ہے۔“ اظہر مشوانی کی ایک اور درخواست پر پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں مشوانی کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی کسی کیس میں ان کے خلاف تحقیقات چل رہی ہیں۔