ایک مرتبہ پھر 4 اپریل کوعدل و انصاف کا قتل کردیا گیا، وزیر اعظم کا قومی اسمبلی میں خطاب

اسلام آباد( آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ4 اپریل کے روز ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی تھی، آج ایک مرتبہ پھر 4اپریل ہی کے روز عدل و انصاف کا قتل کردیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہم نے فل کورٹ کے قیام کا مطالبہ اس لیے کیا تھا تاکہ کسی فریق کو فیصلے پر اعتراض نہ ہو۔

انہوں نے کہا سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا جوڈیشل قتل کیا گیا جس کا اعتراف بعد ازاں ایک جج کی جانب سے بھی کیا گیا ، ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات ہیں ان کا شمار 1973ء کے آئین کے بانیوں میں ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں