روس میں صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ شروع ،تین روز تک جاری رہے گی

روس میں صدارتی انتخاب کے لیے 11 مختلف زونز میں پولنگ کا آغاز ہوگیا جو تین روز تک جاری رہے گی اور امکان ہے کہ ویلادیمیرپوتن ایک مرتبہ پھر 6 سال کے لیے صدر منتخب ہوں گے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ روس میں شروع ہونے والی تین روزہ پولنگ کے نتیجے میں تقریباً واضح ہے کہ ویلادیمیر پوتن کو دنیا کی بڑی جوہری طاقت کی حامل ریاست کی سربراہی کے لئے مزید 6 سال مل جائیں گے۔
واضح رہے کہ ویلادیمیرپوتن 1999 سے وزیراعظم یا صدر کی حیثیت سے روس کے حکمران ہیں۔روسی صدارتی انتخاب میں ویلادیمیر پوتن کے مقابلے میں 3 امیدوار میدان میں ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی 71 سالہ پوتن کو مشکلات سے دوچار کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔کریملن نے بیان میں کہا کہ ویلادیمیر پوتن کو کامیابی ملے گی کیونکہ انہیں سوویت یونین ٹوٹنے کے بعد ملک کو مغربی ممالک کی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لئے وسیع پیمانے پر حمایت حاصل ہے۔روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو اور چیف آف جنرل سٹاف ویلیری گیراسیموف نے روس کے جنوبی ملٹری ضلعے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
روس میں 11 کروڑ 40 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جس میں یوکرین کے 4 ریجنز بھی شامل ہیں، جس سے روس نئے علاقے قرار دے رہا ہے تاہم یہاں ان کی فوج کو جزوی کنٹرول حاصل ہے لیکن ان خطوں کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ روس کا حصہ ہیں جبکہ یوکرین کا موقف ہے کہ مذکورہ علاقوں میں پولنگ غیرقانونی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں