بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ کا دورہ جی ایچ کیو ، آرمی چیف سے ملاقات، دوطرفہ فوجی تعاون پر گفتگو

بحرین کے کمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو ) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات بھی کی۔نجی ٹی وی جیو نیوز نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا کہ بحرین کے کمانڈر آف نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ جی ایچ کیو آئے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بحرین کے کمانڈر آف نیشنل گارڈ کی ملاقات بھی ہوئی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کومضبوط بنانے، علاقائی سلامتی اور انسداددہشت گردی کی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف کی جانب سے بحرین کے ساتھ ملٹری تعلقات کو وسعت دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین سے مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، ملاقات میں آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔دوسری جانب کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا ،ملاقات میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کیا۔آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈجنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون مضبوط بنانے کیلئے بحرین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں