اسلام آباد (آن لائن )وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت جاری ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات چیت کی گئی، تمام اراکین نے اپنی رائے دی کہ یہ اقلیتی ارکان کا فیصلہ تھا، یہ قابل عمل نہیں ہے ، ہم نے بار بار مطالبہ کیا کہ فل کورٹ بنایا جائے لیکن پی ڈی ایم کی جماعتوں کا مطالبہ مسترد کیا گیا ۔ اجلاس میں تفصیلی غور جاری ہے ، کابینہ نے اتفاق کیاہے کہ فیصلہ مسترد کیا جاتاہے ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایوان میں حکومت اپنا موقف پیش کرے گی ، ، اتحادی جماعتیں ایوان میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کریں گی ،
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کروانے کا حکم جاری کر دیاہے اور 10 اپریل تک حکومت کو 21 ارب روپے کے فنڈز مہیا کرنے کا حکم دیا ہے