”لاڈلہ“ بدل گیا ۔۔۔دوسری باری” آخری باری“ سمجھ کر کھیلنا ہو گی

 آصف زرداری نے ایک بار پھر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کر لی، وہ دوسری بار صدر مملکت منتخب ہوئے ہیں عمر کے اس حصے میں ہیں کہ شاید”ہیٹ ٹرک“ کر پائیں اس لیے انہیں دوسری باری” آخری باری” سمجھ کر کھیلنا ہو گی اور بھرپور کھیلنا ہو گی۔۔۔کیونکہ سیاسی میدان میں مطلع صاف نہیں اور عوام کا موڈ بھی گھن گرج والا ہے ، تبدیلی کی ہوامیں تیزی آتی جا رہی ہے ،گیند ہوا میں سوئنگ زیادہ ہوتی ہے۔۔۔ اور نئی نسل5روزہ  ٹیسٹ میچ کی بجائے ون ڈے اور ون ڈے سے بھی زیادہ ٹی ٹوئینٹی میچ زیادہ شوق سے دیکھتی اور کھیلتی ہے۔ یہ بھی یاد رکھیں کہ نئی نسل محبت اور نفرت کرنے میں بھی جلد بازی کا مظاہرہ کرتی ہے سیاست میں بھی ان کے مزاج سے کوئی اور توقع نہیں رکھی جا سکتی ،یہ ٹلنے والے نہیں آئندہ انتخابات میں مزید بڑی تعداد میں ووٹرز کی شکل میں سامنے آئیں گے اور فیصلہ کن کردار ادا کریں گے ۔۔۔اس لیے وقت کم ہے اور مقابلہ سخت۔۔۔کہا جا سکتا ہے کہ آصف علی زرداری جمہوری قوتوں کیلئے قابلِ قبول شخصیت ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔411ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے ملک کے چودہویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔سب کچھ بھاری بھاری مل چکا ، قومی اسمبلی میں ایسی اور اتنی اکثریت مل چکی ہے کہ کسی بھی وقت حکومت کا تختہ الٹ سکتے ہیں ، کسی بھی وقت” اعتماد“ کو تحریک عدم اعتماد میں بدل سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں