مجھے اپنے کزن بلاول پر بہت فخر ہے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئرکے بھٹوکیس پر ریمارکس

بانی پی پی پی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے کزن بلاول بھٹو زرداری پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ماہ سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق کیس پر سماعت کا آغاز ہوا تھا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ نے بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر اپنی مختصر رائے جاری کی۔اس کیس کی ہر سماعت پر ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے بلاول بھٹو کو حاضر اور کیس کی پیروی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔گزشتہ روز اس کیس پر آنے والی سپریم کورٹ کی جانب سے مختصر رائے پر بلاول بھٹو زرداری عدالت میں آبدیدہ ہو گئے۔بلاول بھٹو کی اپنے آنسووں کو صاف کرتے ہوئے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی۔اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے انسٹاگرام کی سٹوری پر لکھا ہے کہ ’مجھے اپنے کزن پر بہت فخر ہے، بلاول جس نے اس سماعت کے ہر اجلاس میں پروقار انداز میں شرکت کی۔‘
گزشتہ روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی بینچ نے صدارتی ریفرنس پر کورٹ روم نمبر ون میں رائے دی۔اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا ٹرائل شفاف نہیں تھا، لیکن فیصلہ کالعدم ہوسکتا ہے نہ تبدیل کرنے کا کوئی قانونی طریقہ کار موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں