فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس میں خرابی مارک زکربرگ کو کتنے ارب ڈالر میں پڑی؟ جانیے

منگل (05-03-2024) کو دنیا بھر میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس خراب ہونے پر مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا کو لگ بھگ تین ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔بلوم برگ بلینیئر انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے بانی، چیئرمین اور سی ای او مارک زکربرگ کو ایک دن میں 2 ارب 79 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا جس کے بعد اُن کے پاس مجموعی دولت 176 بلین ڈالر رہ گئی ہے تاہم وہ ابھی بھی دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔ نیسڈیک کے مطابق میٹا کا سٹاک 5 مارچ کو ٹریڈنگ سیشن کے دوران 1.6 فیصد گرا۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش کے دوران میٹا کے سوشل میڈیا اور میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ بزنس کی سروس بھی متاثر ہوئی۔خیال رہے کہ منگل کو دنیا بھر میں فیس بک، تھریڈز، میسنجر اور انسٹاگرام کی سروس 30 منٹ تک معطل رہی تھی اور لاکھوں صارفین کے اکاؤنٹ خود بخود اچانک لاگ آؤٹ ہوگئے تھے۔میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروس میں خرابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) اور سپیس ایکس کمپنی کے مالک ایلون مسک نے بھی مزاحیہ انداز میں اپنے روایتی حریف پر طنزیہ ٹویٹ کی۔ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اگر آپ یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے سرور کام کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں