اسرائیل میں میزائل لگنے سے بھارتی شہری ہلاک،دو بھارتیوں سمیت 6 غیرملکی زخمی

اسرائیل میں لبنان کی سرحد کے نزدیک ایک گھر پر میزائل لگنے سے ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ 2 بھارتی اور 4 دیگر غیر ملکی زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق میزائل حملے میں مارے جانے والے بھارتی شہری کی شناخت ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ پیٹ نیبن میکسویل کے نام سے ہوئی ہے جو اسرائیل میں ایک باغ میں کام کر رہا تھا۔بھارتی شہری میزائل لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھ کام کرنے والے دو بھارتی اور 4 دیگر غیر ملکی شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اسرائیل نے اس میزائل حملے کی ذمہ داری حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ میزائل لبنان کی سرحد سے داغا گیا تھا تاہم حزب اللہ کی جانب سے اس الزام کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔ادھر اسرائیل میں تعینات بھارتی سفیر نے نیتن یاہو کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارتی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سرحدی علاقوں سے انھیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں