شہباز شریف کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پہلا خطاب، سبسڈی براہ راست کسان کو دینے کا اعلان کردیا

شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے پر پہلے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو اس کا صحیح مقام دلوائیں گے،اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں سمندر نما چیلنجز کو مل کر عبور کریں گے، وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے نامزد کرنے پر نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے اعلان کیا کہ اب کی بار فیکٹریوں کو نہیں بلکہ کسان کو سبسڈی دیں گے ۔ وزیراعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بڑے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، ہمیں بنیادی شعبے میں ریفارمز لانی ہیں۔ 80 ہزار ارب کے بیرونی اور اندورونی قرضے لے چکے ہیں۔ ایک اور کانٹوں بھرا چیلنج بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ بجلی کا گردشی قرضہ 2300 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ 3800 ارب کی بجلی ترسیل کی جاتی ہے، 2800 ارب وصولی ہوتی ہے۔ گیس کا گردشی قرضہ 2900 ارب تک پہنچ چکا ہے، 600 ارب روپے قومی اداروں کا خسارہ ہے۔ جس ایوان میں ہم بیٹھے ہیں اس کے اخراجات قرض سے ادا کئے جا رہے ہیں، ہمیں پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے مل کر فیصلہ کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں