لاہور( آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان طلب کرنے پر انسداد دہشتگردی عدالت پیش ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی ڈیوٹی جج عنہبر گل نے سماعت کی ۔
وکیل عمران خان نے کہاکہ عمران خان کو شدید ترین سکیورٹی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں ،عدالت نے استفسار کیا آپ صرف یہ بتائیں عمران خان عدالت پیش ہوں گے یا نہیں ؟
وکیل عمران خان نے کہا کہ 2 سابق وزرائے اعظم کا قتل ہو چکا ہے ، ہمیں ڈیڑھ بجے کا وقت دیں عمران خان پیش ہو جائیں گے ،عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان 11 بجے پیش ہوں،11 بجے کیس دوبارہ سنیں گے ۔
عدالت نے کہاکہ عمران خان پیش ہوئے تو ٹھیک ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے ، ریلیف اسے ہی ملے گا جو عدالت پیش ہوگا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے حماد اظہار کی عبوری درخواست ضمانت مسترد کردی،عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر حماد اظہر کی ضمانت خارج کی ۔