فارمولا ون ٹیم کے پرنسپل کو خواتین نے تنقید کا نشانہ بنا ڈالا

جنسی ہراسگی کے الزامات کی زد میں آنے والے فارمولا ون ٹیم ’ریڈ بُل‘ کے ٹیم پرنسپل کرسچین آرنر کو انٹرنیٹ پر خواتین نے کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ مائوں کے لیے بنائے گئے خصوصی آن لائن پلیٹ فارم ’ممز نیٹ‘ (Mumsnet)پر خواتین کرسچین آرنر کو انتہائی بداخلاق شخص قرار دے رہی ہیں۔
ایک خاتون نے لکھا ہے کہ ’’کرسچین آرنر کی طرف سے خواتین سٹاف کو بھیجے گئے جنسی ہراسگی پر مبنی میسجز انتہائی گھٹیا اور ہتک آمیز ہیں۔ مجھے ان خواتین کے ساتھ ہمدردی ہے جو اس ناروا سلوک کا نشانہ بنیں۔‘‘ ایک اور خاتون لکھتی ہیں کہ ’’کرسچین آرنر کے اس سکینڈل سے ریڈ بل کی سالمیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ ریڈ بل انتظامیہ نے کرسچین آرنر کے جرم کو چھپانے کی کوشش کی اور اسے ان کا ذاتی معاملہ قرار دیا، حالانکہ جن خواتین کو جنسی ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا وہ ان کی ملازم تھیں۔‘‘
واضح رہے کہ ریڈ بُل فارمولا ون ٹیم کے ساتھ کام کرنے والی کئی خواتین کی طرف سے کرسچین آرنر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کی کرسچین آرنر سختی سے تردید کر رہے تھے تاہم گزشتہ روز ان کے خواتین کو بھیجے گئے شرمناک میسجز لیک ہو کر منظرعام پر آ گئے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان الزامات کے باعث کرسچین آرنر کی اہلیہ برطانوی گلوکارہ گیری ہالیویل ان سے علیحدگی اختیار کر لیں گے مگر انہوں نے اس سکینڈل میں اپنے شوہر کی حمایت میں کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بحرین پہنچ گئی ہیں جہاں آج (بروز ہفتہ) ’پری ریس گرڈ‘ ہونے جا رہی ہے اور اس موقع پر وہ عوام کے سامنے اپنے شوہر کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری ہالیویل میسجز لیک ہونے سے پہلے ہی بحرین کے لیے نکل چکی تھیں۔ تب تک صورتحال مختلف تھی تاہم اب میسجز لیک ہونے جنسی ہراسگی کے ثبوت سامنے آنے کے بعد بھی اگر وہ اپنے شوہر کے ساتھ نظر آتی ہیں تو بدقسمتی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں