اپنی گرل فرینڈ سمیت چار خواتین کو ذبح کرنے والے ملزم کو بالآخر سزا سنادی گئی

 برطانیہ میں چار خواتین کو ذبح کرکے موت کے گھاٹ اتارنے والے مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 29سالہ جوشوا جیک نے یہ گھنائونی واردات 25اپریل 2022ء کو کی، جس میں اس نے اپنی 27سالہ گرل فرینڈسمانتھا، اس کی 45سالہ والدہ تنیشا اوفوری اکوفو، 64سالہ نانی ڈولیٹ ہل اور نانی کی ایک 58سالہ سہیلی کو قتل کیا۔ ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کی تین نسلوں کی ’قربانی‘ دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجرم نے سمانتھا اور اس کی فیملی کی خواتین پر ان کے لندن کے علاقے برمونزے میں واقع گھر میں حملہ کیا۔ جب پولیس مقتول خواتین کے گھر پر پہنچی تو قاتل برہنہ حالت میں گھر کی بالائی منزل کے ایک باتھ روم میں چھپا ہوا تھا۔ جب اس تک آفیسرز پہنچے تو ’’وہ دعا مانگ رہا تھا کہ ’خدایا، اب مجھے اٹھا لے، مجھے مار ڈال، خدایامجھے معاف کر دے۔‘‘
دوران تفتیش ملزم نے کہا کہ ’’میں نے کچھ غلط نہیں کیا، میں نے ان خواتین کی قربانی دی ہے۔ اس نے پولیس کو دھمکی دی کہ اگر اسے رہائی ملی تو وہ دوبارہ ایسی ہی حرکت کرے گا۔ ‘‘ عدالت کی طرف سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم کو کم از کم 46سال قید کاٹنی ہو گی، اس سے قبل اسے پیرول پر بھی رہائی نہیں ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں