دوران پرواز کھانسی کے بعد مسافر کو خون کی الٹیاں شروع، کچھ ہی دیر میں جسم کا سارا خون نکل گیا، موت واقع ہوگئی

تھائی لینڈ سے جرمنی جانے والی ایک پرواز میں خون کی الٹیاں آنے سے مسافر کی موت واقع ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق اس 63سالہ جرمن مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جو اپنی بیوی کے ساتھ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے جرمنی کے شہر میونخ جانے والی پرواز میں سوار تھا۔
آدمی بورڈنگ کے وقت ہی سخت بیمار لگ رہا تھا۔ پرواز کے لگ بھگ آدھا راستہ طے کرنے کے بعد آدمی کو اچانک کھانسی شروع ہوئی اور منہ اور ناک سے خون بہنے لگا۔ ساتھی مسافروں نے جرمن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آدمی کے منہ اور ناک سے خون کے فوارے چھوٹ رہے تھے اور کچھ ہی دیر میں اس کے جسم کا سارا خون نکل گیا اوراس کی موت واقع ہو گئی۔
53سالہ مارٹن مس فیلڈر نامی مسافر بتاتا ہے کہ آدمی کے ناک اور منہ سے اس قدر خون نکلتے دیکھ کر تمام مسافر سخت خوفزدہ ہو گئے اور خواتین اور بچوں نے چیخ و پکار شروع کر دی۔ خون اس قدر زیادہ تھا کہ آدمی کے گرد کئی سیٹوں تک خون ہی خون پھیل گیا۔
 آدمی کے ساتھ موجود اس کی فلپائنی بیوی نے بتایا کہ اس کے شوہر کی طبیعت انتہائی ناساز تھی مگر پرواز کی وجہ سے وہ ہسپتال نہیں جا سکے اور ایئرپورٹ آ گئے۔ رپورٹ کے مطابق جہاز میں موجود ایک ڈاکٹر نے آدمی کو طبی امداد دینے کی کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ آدمی کو کیا عارضہ لاحق تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں