شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات منظور،کل وزیراعظم کا انتخاب ہوگا 

 قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لئے شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔
وزارت عظمیٰ کے لئے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے جو سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کئے۔شہباز شریف کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے بھی کاغذات جمع کرائے گئے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق شہباز شریف کے لئے 8 اور عمر ایوب کے لئے 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا۔سنی اتحاد کونسل کا شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ 336 رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کے لئے 169 ووٹ درکار ہیں اور اتحادی جماعتوں کو 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
مسلم لیگ (ن) کو پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں اور ایوان میں ان کے اراکین کی تعداد 91 ہے۔قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل بروز اتوار 3 مارچ کو ہو گا جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں