پی ایس ایل میچ میں معین خان ، محمد عامر اور عمر امین کی فیمیلیز کو ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ 

 پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) کے ملتان میں ہونے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے  میچ میں معین خان ، محمد عامر اور عمر امین کی فیمیلیز کو ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ان تینوں اراکین کی فیملیز ایک وی آئی پی باکس میں بیٹھی تھیں جہاں سے انہیں زبردستی اٹھا دیا گیا۔
مبینہ طور پر ڈپٹی کمشنر ملتان رضوان نے ان فیملیز کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا اور بدکلامی کی۔ میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے اس واقعے پر پی سی بی حکام کے سامنے سخت احتجاج کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، جو چیئر مین پی سی بی بھی ہیں، سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی سی ملتان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
واضح رہے کہ معین خان، محمد عامر اور عمر امین کی فیملیز کو وی آئی پی باکس سے نکالے جانے کے بعد پی سی بی کے حکام نے مداخلت کی اور فیملیز کو گاڑیوں میں بٹھا کر دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں