نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک شخص کو میجر لیگ بیس بال کے ایک میچ کے دوران میدان میں جا کر اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کرنا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے عاشق کو گرفتار کر لیا۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ لیگ میں لاس اینجلس ڈاجرز کے پہلے میچ کے دوران پیش آیا۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ آدمی تماشائیوں سے نکل کر دوڑتا ہوا گراﺅنڈ میں داخل ہو جاتا ہے اور کچھ فاصلے پر جا کر جیب سے انگوٹھی نکالتا ہے اور ایک گھٹنا ٹیک کر تماشائیوں میں موجود اپنی گرل فرینڈ کو پرپوز کرتا ہے۔
ابھی اس کی گرل فرینڈ اس عجیب پرپوزل پر حیران ہی ہو رہی ہوتی ہے کہ سکیورٹی آفیسرز دوڑتے گراﺅنڈ میں آتے ہیں اور اس شخص کو زمین پر گرا کر ہتھکڑی لگا لیتے ہیں اور ساتھ لے جاتے ہیں۔اس واقعے کی ویڈیو ٹوئٹر صارف @Mazeaveliکی طرف سے پوسٹ کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔