فضائی سفر کے دوران جہاز کے ٹوائلٹ میں گند مچانے والے برطانوی مسافر کو گرفتار کر لیا گیا

 فضائی سفر کے دوران جہاز کے ٹوائلٹ میں گند مچانے اور پرواز کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے برطانوی مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ملزم تھائی ایئرویز کی ایک پرواز کے ذریعے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے برطانوی دارالحکومت لندن جا رہا تھا جب راستے میں اس نے ہنگامہ برپا کیا۔
ملزم نے شرٹ اتار دی اور اپنے ساتھ مسافروں کو تنگ کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد اس نے جہاز کے ٹوائلٹ میں ہر چیز اتھل پتھل کر دی اور جب جہاز کے عملے نے اسے روکنے کی کوشش کی تو ان پر بھی گھونسوں اور مکوں سے پل پڑا۔ رپورٹ کے مطابق پائلٹ نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی پولیس کو مطلع کر دیا تھا، چنانچہ پرواز کے لینڈ کرتے ہی پولیس آفیسرز طیارے میں آئے اور ملزم کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔
ایک مسافر خاتون نے ملزم کی طیارے میں ہنگامہ برپا کرنے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے، جس میں اسے عملے کے ایک فرد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون ویڈیو میں بتاتی ہے کہ ملزم جہاز کے ٹوائلٹ میں تھا جب اس نے چیخنا چلانا شروع کر دیا اور پھر باہر نکل کر بھی اس نے ایسا ہنگامہ برپا کیا کہ پورے جہاز میں سراسیمگی پھیل گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں