پنجاب اور پختونخوا الیکشن التوا کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، سیکرٹری دفاع اور خزانہ طلب

اسلام آباد ( آن لائن) پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں تاخیر سے متعلق درخواست پر سماعت آج ہوگی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب پر مشتمل تین رکنی بنچ دن ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا، عدالت نے آج سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کررکھا ہے۔

سپریم کورٹ بلڈنگ کے باہر پولیس، ایف سی اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں وکلاسپریم کورٹ کے باہر پہنچ چکے ہیں، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو سپریم کورٹ داخلے پر پابندی ہوگی، سپریم کورٹ میں وکلا، صحافیوں اور جن کے مقدمات ہوں گے انہیں اجازت ہوگی۔

دوسری جانب 31 مارچ کی سماعت کے حکم نامے میں جسٹس جمال مندوخیل کی بنچ سے علیحدگی اور فل کورٹ بنانے کے حکومتی مطالبے کا ذکر ہی نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عرفان قادر کا نام بطور وکیل بھی شامل نہیں کیا، مسلم لیگ ن کے وکیل اکرم شیخ اور پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا نام بھی شامل نہیں کیا گیا۔

ادھر حکومتی اتحاد نے فل کورٹ نہ بنائے جانے کی صورت میں سپریم کورٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

حکومتی اتحاد نے 3 رکنی بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اٹارنی جنرل آج عدالت میں پیش ہو کر بائیکاٹ کے حکومتی فیصلے سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں