شارجہ میں ایک بھارتی شہری نے اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد 11منزلہ عمارت سے کود کر خودکشی کر لی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ شخص 6ماہ قبل اس رہائشی عمارت میں فیملی کے ہمراہ شفٹ ہوا تھا۔ فرانزک رپورٹ میں معلوم ہوا ہے کہ آدمی نے اپنی بیوی زہر دے کر قتل کیا جبکہ اپنی بیٹیوں کو پھندہ دے کر قتل کیا۔ دو بچیوں کی عمریں تین سے سات سال کے درمیان تھیں۔
ماں اور بچیوں کی لاشوں سے ان پر جسمانی تشدد بھی ثابت ہوا ہے۔ شارجہ پولیس کے مطابق ملزم شارجہ میں رہتا تھا تاہم ملازمت ایک اور شہر میں کرتا تھا۔ شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف الزری الشمسی نے بتایا ہے کہ تاحال ملزم کے اس انتہائی اقدام کا سبب معلوم نہیں ہو سکا۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔