ایشیاء کپ کہاں ہوگا ؟ پاکستان میں یا کسی اور ملک میں ؟ تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا ، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت ایشیا ءکپ نہ بھی کھیلے تو پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
پی سی بی کے اصولی اور سخت مؤقف کے بعد بھارتی بورڈ کمزور پڑتا جارہا ہے ، رواں برس ستمبر میں ہونے والے ایشیاء کپ کا میزبان پاکستان ہے لیکن ایونٹ کہاں ہوگا ؟ کسی دوسرے تیسرے ملک میں یا پھر پاکستان ہی میں ؟ تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔ایسے میں پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ پی ایس ایل سے پی سی بی کو مالی استحکام ملا ہے لہٰذا بھارت کے ایشیا ءکپ نہ کھیلنے سے بھی انہیں مالی طور پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ماضی میں بھارت کے انکار کے باوجود ہم بھارت جاکر کھیلتے رہے ہیں لیکن اب صورتحال مختلف ہے لوگ پوچھتے ہیں بھارت کھیلنے نہیں آتا تو پاکستان ٹیم کیوں جاتی ہے؟ بھارت کا پاکستان آنا سیاسی مسئلہ ہے تو پاکستان کا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اگر ایشیا ءکپ کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنا چاہتا ہے تو پھر پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل مقام پر کھیل سکتا ہے۔